کراچی: بنارس پل پرپیرآباد پولیس کا مقابلہ مشکوک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بنارس پل پر مبینہ مقابلے میں زخمی ہونے والے نوجوان اظہار کے اہل خانہ نے پولیس پر الزام عائد کردیا، اہل خانہ نے کہا کہ اظہار کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں، وہ سپر اسٹور پر ملازمت کرتا ہے۔
نوجوان اظہار کے والد نے کہا کہ ملازمت سے رات کو اورنگی ٹاؤن میں اپنے گھر واپس آرہا تھا، بنارس پل کے قریب پولیس نے فائرنگ کر کے زخمی کردیا، اظہار جناح اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔
اہل خانہ نے مزید کہا کہ اظہار کو سر اور جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں ماری گئیں، ساتھ پکڑے جانے والےملزم نے بھی اظہار کو شناخت نہیں کیا۔
پولیس کا موقف ہے کہ زخمی ملزم اظہار اور اس کے 2 ساتھی شہری سے واردات کررہے تھے، تینوں ملزمان ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے، پولیس پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد اظہار اور آریان کو گرفتار کیا، ایک ساتھی فرار ہوگیا، زخمی اظہار سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
اس سے قبل سائٹ پولیس نے 4 جنوری کو میٹروویل پٹھان کالونی شہید قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے میں زخمی سمیت 2 ملزمان کوگرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
زخمی حالت میں گرفتار ایک نوجوان سیکنڈ ائیر کا طالب ہے، زخمی نوجوان کے والد نے پولیس مقابلے کو جعلی قرار دیتے ہوئے آئی جی سندھ اورایڈیشنل آئی جی سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔