پولیس کو چیئرمین PTI اور شاہ محمود سے تفتیش کی اجازت مل گئی

9 مئی شہدا

پولیس کو اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سے 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں تفتیش کی اجازت مل گئی۔

راولپنڈی پولیس کے افسر سائفر کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل میں شامل تفتیش کرنا ہے۔

اس پر خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے استفسار کیا کہ کیا پہلے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو شامل تفتیش کیا گیا؟ پولیس نے بتایا کہ دونوں کو شامل تفتیش نہیں کیا لیکن شریک ملزمان کے بیانات پر شامل تفتیش کرنا ہے۔

پولیس نے کہا کہ ہمارے پاس راولپنڈی میں 9 مئی واقعات سے متعلق رپورٹ بھی موجود ہے۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ملزمان کے خلاف مقدمات کا جائزہ لیا اور کہا کہ قانون کے مطابق صرف تفتیش کرنے کیلیے کی اجازت دے رہا ہوں۔

گزشتہ ماہ سائفر کیس میں ایف آئی اے نے عدالت میں چالان پیش کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو قصور وار قرار دیا تھا اور ملزمان کو ٹرائل کر کے سزا دینے کی استدعا کی تھی۔

ایف آئی اے کی ملزمان کی فہرست میں اسد عمر کا نام شامل نہیں تھا۔ سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان ایف آئی اے کے مضبوط گواہ بنے۔ چالان کے ساتھ اعظم خان کا 161 اور 164 کا بیان منسلک کیا گیا۔