پولیس اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی ہدایت

کراچی (28 اگست 2025): پولیس اہلکاروں کو ہدف بنانے کے واقعات کے بعد تمام اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میضں پولیس اہلکاروں کو ہدف بنانے کے واقعات سامنے آنے کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

اے آئی جی کی جانب سے جاری ہدایت نامہ میں تمام پولیس اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹس پہننے اور اکیلے اہلکار کو پکٹ یا پٹرولنگ پر نہ بھیجنے کی ہدایات کی ہیں۔

ہدایت نامہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متعلقہ ڈی ایس پیز ڈپلائنمنٹ سے پہلے اہلکاروں کو بریفنگ دیں۔ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز گشت کے دوران سیکیورٹی کا معائنہ کریں۔

ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وی آئی پیز اور وی وی آئی پیز کے ساتھ تعینات سیکیورٹی گارڈز کو چیک کریں، اور انہیں دوران ڈیوٹی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی بریفنگ دیں۔

ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے جاری یہ ہدایت نامہ کراچی رینج کے تمام ڈی آئی جیز کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سی آئی اے، ٹریفک اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی یہ ہدایت نامہ بھیجا گیا ہے۔ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔