عدالت میں پیشی ، ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ڈی ایس پی عمیربجاری کو پولیس کا پروٹوکول

ڈی ایس پی عمیربجاری

کراچی : ویسٹ پولیس نے ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ڈی ایس پی عمیربجاری کو بھرپور پروٹوکول دیتے ہوئے ملزم کو بکتر بند کی فرنٹ سیٹ پر بٹھادیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ڈی ایس پی عمیر طارق بجاری کی عدالت منتقلی کے دوران ویسٹ پولیس نے بھرپور پروٹوکول دیا۔

کراچی ویسٹ پولیس نے ملزم کو بکتر بند کی فرنٹ سیٹ پر بٹھادیا۔۔ عمیر طارق بجاری کو اورنگی ٹاؤن میں دو کروڑ روپے کی ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر ڈکیتی کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ غربی میں ہوگی ، پیر آباد پولیس نے گرفتار ڈی ایس پی طارق بجاری کو عدالت پہنچادیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے ممکنہ طور پر ملزم کا ریمانڈ طلب کیا جائے گا۔

گذشتہ روز اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر ڈکیتی کے حوالے سے ڈی آئی جی ویسٹ کی انکوائری رپورٹ سامنے آئی تھی ، رپورٹ میں ڈی ایس پی کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم قصوروارثابت ہوئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ڈی ایس پی یو ٹی عمیر طارق ڈکیتی میں براہ راست ملوث ہے، اہلکار خرم اور فیضان ڈی ایس پی کے ساتھ واقعے میں ملوث ہیں جبکہ ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کی گئی تھی۔

بعد ازاں ڈی ایس پی عمیرطارق کو ڈکیتی میں ملوث ہونے پر اور ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی کوغفلت برتنے پر عہدے سےہٹادیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پولیس پارٹی نے اورنگی ٹاؤن میں گھر سے کروڑوں کے زیورات، کیش اور دیگر سامان لوٹا تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈی ایس پی کی گاڑی بھی نظر آئی تھی۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ملزمان کی تعداد پندرہ تھی ، اہل خانہ ڈکیتوں کو پولیس اہلکار سمجھتےرہےجنہوں نے گھر میں داخل ہوکر سکون سے دوگھنٹےتک لوٹ مار کی اور دو کروڑ روپے، ستر تولے سونے کے علاوہ دیگرسامان لوٹ کرلے گئے، ڈاکو جاتے ہوئے دو بھائیوں کو بھی ساتھ لے گئے، جنہیں انہوں نےبلوچ پُل پرچھوڑدیا۔