پولیس نے 2 ماہ قبل اغوا ہونے والے ڈاکٹر کو بازیاب کروالیا

سکھر: کچے علاقے گڈپور میں پولیس نے مبینہ طور پر ڈاکوؤں سے مقابلے کے بعد مغوی ڈاکٹر عبدالجبار چاچڑ کو بازیاب کرالیا۔

تفصیلات کے مطابق گڈپور تھانے کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، مقابلے میں 2 ماہ قبل پنو عاقل سے اغوا ہونے والے ڈاکٹر عبدالجبار چاچڑ کو بازیاب کروالیا۔

ایس ایس پی سکھر عرفان سموں نے بتایا کہ ڈاکو ڈاکٹر عبدالجبار چاچڑ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے، ڈاکو ڈاکٹر کی رہائی کیلئے لاکھوں روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے۔

ایس ایس پی سکھر کے مطابق بازیاب ڈاکٹر عبدالجبار چاچڑ کو اہلخانہ کے حوالے کر دیا گیا، اہلخانہ نے ایک ماہ قبل ڈاکٹر عبدالجبار کی بازیابی کیلئے قومی شاہراہ پر 3 دن تک دھرنا دیا تھا۔