اسلام آباد : ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں پولیس نے چالان جمع کرادیا ، جس میں ملزم عمر حیات کو ہی ثنایوسف کا قاتل قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاکر ثنایوسف قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ، پولیس کی جانب سےچالان پراسیکیوشن برانچ میں جمع کروادیا گیا۔
پراسیکیوشن کی 2 رکنی ٹیم چالان کی اسکروٹنی کرے گی ، پراسیکیوشن کی ٹیم میں راجہ نوید کیانی اور محمد عدنان شامل ہیں۔
چالان کی اسکروٹنی کاعمل مکمل ہونے پرچالان عدالت میں پیش کیا جائے گا ، چالان جمع ہونے کے بعد متعلقہ جج کی عدالت میں کیس کا ٹرائل شروع ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس چالان میں ملزم عمر حیات کو ہی ثنایوسف کا قاتل قرار دیا گیا ہے جبکہ چالان میں ثنایوسف کی والدہ، پھوپھو و دیگر گواہان بھی شامل ہیں اور ملزم کے 164کےاعترافی بیان کا بھی چالان میں حوالہ موجود ہے۔
خیال رہے اسلام آباد میں بائیس سالہ عمرحیات نے دوستی سے انکار پر ثنایوسف کو گھرمیں گھس کر قتل کیا تھا۔
پولیس کے مطابق شناخت پریڈ کے بعد ملزم عمر حیات کا جسمانی ریمانڈ لینے کی درخواست کی جائے گی اور ملزم سے آلہ قتل سمیت دیگر شواہد اکھٹے کرنے کے لیے عدالت سے ریمانڈ مانگا جائے گا۔
مزید پڑھیں : ثناء یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات کے تہلکہ خیز انکشافات
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو ان کے گھر پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
بعد ازاں اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمر حیات کو 20 گھنٹے کے اندر فیصل آباد سے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق، ملزم نے ثناء کے قتل کا اعتراف کر لیا تھا۔