کراچی : ڈرم سے ملنے والی لاش کس خاتون کی ہے ؟ معمہ حل نہ ہوسکا

کراچی خاتون لاش

کراچی : پولیس ڈرم سے ملنے والی خاتون کی لاش کا معمہ حل نہ کرسکی، خاتون کی لاش ہفتے کی شب ملیر ندی سے ڈرم میں بند ملی تھی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے شرافی گوٹھ تھانے کی حدود سے ملنے والی خاتون کی لاش کا معمہ تاحال حل نہ ہوسکا ،پولیس نے بتایا کہ چار روز گزرنے کے باوجود مقتولہ کی شناخت نہ ہوسکی ، خاتون کی لاش ہفتے کی شب ملیر ندی سے ڈرم میں بند ملی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ لاش 10 سے 12دن پرانی ہے تاہم واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے کہا کہ نامعلوم ملزمان گاڑی میں آکر لاش پھینک کرفرارہوئے، مقتولہ کی عمرتقریباً 30 سال کے لگ بھگ معلوم ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں : کراچی : ڈرم سے ملنے والی خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل ، اہم انکشاف سامنے آگیا

حکام نے مزید بتایا کہ مسخ شدہ لاش سے حاصل نمونے لیب بھجوا دیئے گئے ہیں، نادرا ریکارڈ سے بھی مقتولہ کی شناخت نہ ہوسکی، فنگرپرنٹس مٹ جانے سے شناخت میں رکاوٹ درپیش ہے۔

پولیس کے مطابق شہر کے کسی تھانے میں خاتون کی گمشدگی کی رپورٹ درج نہیں۔