کراچی کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر ڈاکوؤں سے مقابلے کے درمیان پولیس اہلکار گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مقابلہ پیراڈائز بیکری کے قریب ہوا۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی بھی ہے جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ایک ملزم کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ایس پی سہراب گوٹھ کا کہنا ہے کہ ایک ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
جاں بحق پولیس اہلکار کی شناخت غلام محمد اور زخمی اہلکار کی شناخت عمیر کے نام سے ہوئی جو موٹر سائیکل گشت پر تھے۔
جون میں سہراب گوٹھ الاصف اسکوائر کے عقب میں واقع انڈس پلازہ کے قریب شعلے ڈکیت گینگ نے فائرنگ کر کے 2 پولیس اہلکاروں رحمت اللہ اور عبدالحکیم کو شہید کیا تھا۔
پولیس کو جائے وقوع سے ایک نائن ایم ایم پستول اور 30 بور گولیوں کے خول بھی ملے تھے۔ پولیس حکام نے بتایا تھا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔
مذکورہ واقعے کا مقدمہ سراب گوٹھ تھانے میں درج کر لیا گیا جو سرکار کی مدعیت میں اے ایس آئی ناصر اقبال چیمہ کی جانب سے درج کروایا گیا۔ مقدمے میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں۔