اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی سیوریج ایک بار پھر پولیو وائرس سے آلودہ نکلیں

اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی سیوریج ایک بار پھر پولیو وائرس سے آلودہ نکلیں

اسلام آباد (13 جولائی 2025): ملک کے 20 اضلاع سے لئے گئے سیوریج سیمپلز میں پولیو کی تصدیق ہوگئی، جس کے 28 سیمپلز میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بے لگام پولیو وائرس نے ملکی نظام صحت کو پھر سے جکڑ لیا ، اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی سیوریج پھر پولیو زدہ نکل آئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سمیت 20 اضلاع کے 28 سیمپلز میں وائرس پایا گیا ہے، سیوریج لائنوں کے ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ون پایا گیا ہے، پولیو ٹیسٹ کیلئے ماحولیاتی نمونے 8 مئی تا 17 جون کو لئے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق سندھ کے 10 اضلاع کے 14 سیوریج سیمپلز پازیٹو نکلے ہیں، پنجاب کے ایک ضلع لاہور کے 3 سیوریج میں وائرس پایا گیا جبکہ  بلوچستان کے تین اضلاع کے 3 سیوریج سیمپلز میں پولیو پایا گیا ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے  چار اضلاع کے 5 سیمپلز میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، اسلام آباد کے دو مقامات کے 2 سیوریج سیمپلز میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ آزاد کشمیر کے ایک ضلع میرپور کے ایک سیمپل میں وائرس پایا گیا ہے۔