کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء انیس ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ گورنر سندھ ذہنی مریض ہیں انہیں فوری طبیب سے رجوع کرنا چاہیے تاہم تحریک انصاف کے رہنماء علی زیدی نے کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی تو گورنر سندھ بچ نہیں پائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کی جانب سے مصطفیٰ کمال کے حوالے سے دئیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پی ایس پی کے سربراہ انیس ایڈوکیٹ نے گورنر سندھ کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے علاج کروانے کا مشورہ دیا۔
تحریک انصاف کے رہنماء علی زیدی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’گورنر سندھ جو بول رہے ہیں اُس کی تحقیقات ہونی چاہیں تاہم مجھے یقین ہے کہ اگر کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی تو عشرت العباد بھی نہیں بچ پائیں گے‘‘۔
پڑھیں: عزیز آباد کا اسلحہ فوج سے لڑنے کے لیے خریدا گیا، گورنر سندھ
اس ضمن میں سرفراز مرچنٹ نے کہا کہ گورنر سندھ ہر چیز کے گواہ ہیں انہیں 2013 سے منی لانڈرنگ کا علم تھا، انہوں نے انکشاف کیا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے منی لانڈرنگ کیس میں عشرت العباد کا نام بھی شامل کیا تھا۔