متعدد سیاسی شخصیات کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان

پیپلزپارٹی

لاہور: جنوبی پنجاب سے متعدد سیاسی شخصیات نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور آصف زرداری سے ملاقات کے بعد سیاسی شخصیات نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سابق صوبائی وزیر سید ہارون احمد سلطان ن لیگ سے پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے جبکہ وہاڑی سے سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری اصغر جٹ نے پی ٹی آئی چھوڑ کر پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔

خانیوال سے سابق رکن پنجاب اسمبلی سید جمیل شاہ بھی ن لیگ چھوڑ کر پی پی میں شامل ہوگئے، پی پی 271 سے ق لیگ کے ٹکٹ ہولڈر ملک فیض احمد کھکھ نے بھی پی پی جوائن کرلی۔

بہاولنگر سے پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر رانا انتظار احمد نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی نائب صدر میاں عامر وٹو بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔

میونسپل کمیٹی خانیوال کے سابق چیئرمین مسعود مجید ڈاھا نے بھی پی ٹی آئی چھوڑ کر پی پی میں شمولیت اختیار کرلی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دی ہے۔