پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جس آئی ایم ایف نے دیوالیہ سے بچانا ہے ڈار نے اسی پر یلغار کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ عوامی کے سربراہ اور سینیئر سیاستدان شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شیخ رشید نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے 9 ماہ میں 22 وزرا نے 93 بیرون ملک دورے کیے، جس میں کروڑوں روپے بے مقصد خرچ ہوئے 5 ڈالر خیرات بھی نہیں ملی، بلاول نے دوروں کی نصف سنچری مکمل کی 3، 3 بار امریکا اور یواے ای گئے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے دنیا میں سب سے زیادہ بے مقصد بے فائدہ دورے کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ خاندانی سیاسی پارٹی نے اہم عہدے خاندان میں ہی تقسیم کر لیے، تجارتی خسارہ 40 فیصد، ترسیلات 13 فیصد اور برامدات 12 فیصد کم، ڈالر نایاب ہوگئے، جس آئی ایم ایف نے دیوالیہ سے بچانا ہے ڈار نے اسی پریلغار کردی۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ ڈار کی نا اہلی کا خمیازہ پاکستان عالمی تنہائی کی صورت میں بھگت رہاہے، ڈار نے معاشی ناکامی تسلیم کرلی، چین کو 1 ارب ڈالر دے کر واپس لیا ہے، حکومت نے سارے حربے استعمال کر لیے لیکن بات نہیں بن رہی۔