الیکشن 2024 کے لیے پولنگ اسکیم جاری

الیکشن امیدواروں جرمانے

الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی پولنگ اسکیم جاری کر دی۔

الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں پولنگ اسکیم اپنی ویب سائٹ پرجاری کی ہے۔

پولنگ اسکیم میں پولنگ اسٹیشنزکی تفصیلات اور رجسٹرڈ ووٹرز کا ڈیٹا شامل ہے۔ الیکشن کمیشن نےپولنگ اسکیم ریٹرننگ افسران کوبھی ارسال کر دی ہے۔

قومی اسمبلی کے266حلقوں کی پولنگ اسکیم جاری کی گئی ہے جس میں خیبرپختونخوا کے 45، اسلام آباد کے 3 قومی اسمبلی کےحلقے شامل ہیں جب کہ پنجاب کے 141، سندھ کے 61  اور بلوچستان کےقومی اسمبلی کے 16حلقوں کی اسکیم جاری کی گئی۔

قبل ازیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن نے سخت ایکشن لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے مجموعی طور پر 24 امیدواروں اور لوکل گورنمنٹ کے چیرمین و ڈسٹرکٹ چیرمینوں کو جرمانے کردیئے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر بنوں نے پی کے 99 سے اے این پی کے امیدوار نورانی خان کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مانسہرہ کی جانب سے پی کے 39 کے امیدوار اکرام اللہ غازی کے خلاف 10 ہزار روپے جرمانہ عائدکیاگیا تاہم امیدواروں نے ریٹرننگ افسروں کی جانب سے عائد جرمانہ سرکاری خزانہ میں جمع کردیا ہے۔