واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ایٹمی پروگرام کو مسترد کرے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایران اپنے فورڈو سینٹر میں جوہری سرگرمی بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے جو اس خدشے کو جنم دیتا ہے کہ وہ خود کو تیزی سے جوہری معاہدے سے باہر نکالنے کی کوشش کررہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام عالم ایران کے مقاصد کو مسترد کریں اور اس پر دباؤ بڑھائیں، عالمی برادری ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔
Iran’s plans to increase its nuclear activity at Fordow raise concerns that Iran is positioning itself for a rapid nuclear breakout. It is now time for all nations to reject its nuclear extortion and increase pressure.
— Secretary Pompeo (@SecPompeo) November 7, 2019
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا ٹویٹ ایرانی صدر حسن روحانی کے اعلان کے جواب میں آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران اپنے زیر زمین فورڈو سینٹر میں لگیں سینٹریفیوجز مشینوں میں گیس بھرنے کا عمل دوبارہ شروع کرے گا۔
یاد رہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین ہونے والے 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت ایران نے فورڈو سینٹر کو ایک جوہری ٹیکنالوجی مرکز میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا تھا، جہاں 1044 سینٹریفوجز کی افزودگی کے علاوہ سینٹر کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ امریکا پہلے ہی سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر حملوں میں ایران کو مورد الزام ٹھہرا چکا ہے۔