آسٹریلیا کے سابق کپتان اور کرکٹ لیجنڈ رکی پونٹنگ نے مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز کے بجائے ایشیائی کرکٹر کو دنیا کا بہترین بولر قرار دیدیا۔
کئی ورلڈکپ ٹرافیز اپنے ہاتھوں میں تھامنے والے رکی پونٹنگ نے بھارتی پیسر جسپریت بمراہ کی تعریف کرتے ہوئے ان کے اب تک کے سفر کو سراہا ہے، بمراہ کچھ عرصہ قبل اپنے کیریئر میں کافی خطرناک انجری کا شکار ہوئے تھے لیکن وہ تمام فارمیٹس میں پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور مہلک بولر کے طور پر سامنے آئے۔
پونٹنگ کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ سوال کر رہے تھے کہ کیا بمراہ انجری کے بعد کبھی بھارت کے کلیدی بولر کے طور پر واپس آئیں گے لیکن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں اپنی غیر معمولی کارکردگی سے انھوں نے تمام شکوک و شبہات اور ناقدین کو خاموش کر دیا۔
سابق آسٹریلوی کپتان نے اس بات پر بھی حیرانی کا اظہار کیا کہ بمراہ کس طرح اس کھیل میں اب تک کے بہترین باؤلروں میں سے ایک کے طور پر واپس آئے ہیں، پونٹنگ نے بمراہ کو جدید دور کا بہترین آل فارمیٹ بولر بھی قرار دیا۔
رکی پونٹنگ نے آئی سی سی ریویو میں کہا کہ کچھ سال پہلے کچھ خدشہ تھا جب بمراہ کو انجری ہوئی تھی تاہم وہ بہترین انداز میں واپس آئے ہیں۔ میں کہتا آرہا ہوں کہ بمراہ شاید پچھلے پانچ یا چھ سالوں سے عالمی کرکٹ میں ملٹی فارمیٹ کے بہترین باؤلر ہیں۔
خیال رہے کہ 30 سالہ جسرپریت بمراہ اپنی انجری کے بعد نئے جوش کے ساتھ کھیل میں واپس آئے ہیں اور اپنی کارکردگی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔
وہ اپنی انجری کی وجہ سے 2022 کے T20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے تھے لیکن انھوں نے نہ صرف بھارت کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے میں مدد کی ہے بلکہ وہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے تھے۔