’ایک ایسا وقت آیا جب بینک اکاؤنٹ میں صرف 4 ہزار روپے باقی تھے‘

پوجا بھٹ نے اپنے تلخ ماضی سے پردہ اُٹھا دیا

ممبئی: نامور بالی وڈ اداکارہ و ہدایتکار پوجا بھٹ نے اپنے تلخ ماضی سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سخت معاشی حالات کا مقابلہ کیا۔

’بگ باس 2‘ کی تازہ قسط میں پوجا بھٹ نے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ایک وقت آیا جب میرے بینک اکاؤنٹ میں صرف 4 ہزار روپے رہ گئے تھے اور اس کے علاوہ میرے پاس کچھ بھی نہیں تھا۔

پوجا بھٹ نے کہا کہ میں ایک بات واضح کرتی چلوں کہ ’چھوٹے لوگ‘ سے میری مراد کسی کے مقام، قد یا بینک بیلنس پر تبصرہ کرنا نہیں تھا، اگر یوں دیکھا جائے تو میں سب سے ’چھوٹی‘ کہلاؤں گی۔

اداکارہ و فلمساز نے کہا کہ جب میرے والد مہیش بھٹ بگ باس کے گھر میں آئے تو انہوں نے یہ بتانے میں بالکل بھی عار محسوس نہیں کی کہ جب میں پیدا ہوئی تو ان کے پاس بمشکل 1200 روپے تھے۔

’میں بھی آپ سب کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ نامور اداکارہ ہونے کے باوجود ایک وقت آیا جب میرے پاس ایک معمولی سی رقم تھی، لیکن میں نے کبھی کسی سے بھیک یا ادھار پیسے نہیں لیے۔ اپنی زندگی میں نشیب و فراز دیکھے جو کہ ہماری فلم انڈسٹری میں معمولی سی بات ہے۔‘

پوجا بھٹ کی جانب سے مذکورہ گفتگو اُس بیان کی وضاحت ہے جس میں انہوں نے ’بگ باس 2‘ کے کچھ مقابلہ کرنے والوں کو ’چھوٹے لوگ‘ قرار دیا تھا۔