کھلاڑیوں کا سامان اٹھانے والے کیڈی محمد قاسم کی قسمت ایسی چمکی کہ قیمتی گاڑی جیت گئے مگر مہنگے پٹرول نے ان کی نیند حرام کر دی۔
قدرت کبھی ایسی مہربان ہوتی ہے کہ چھپر پھاڑ کر دے دیتی ہے، لیکن بعض اوقات یہی خوش قسمتی انسان کو مزید دیکھ میں مبتلا کر جاتی ہے۔ ایسا ہی ہوا ہے کہ کیڈی محمد قاسم کے ساتھ۔
کھلاڑیوں کا سامان اٹھانے والے غریب کیڈی محمد قاسم جس نے کھلاڑیوں کا سامان ڈھوتے ہوئے کبھی یہ سوچا بھی نہ ہوگا اس کی قسمت ایسے چمک اٹھے گی۔
قاسم نے چند روز پہلے سی این ایس گالف چیمپئن شپ میں ہال اِن ون کرنے کا کارنامہ انجام دیا اور کروڑوں روپے مالیت کی قیمتی گاڑی کا حقدار بنا۔ ایک ہی شاٹ میں بال کو ہول میں پہنچایا، جس سے ان کے ایسے وارے نیارے ہوئے کہ زندگی بدل گئی۔ انہوں نے یہ کارنامہ کراچی گالف کلب کے ریڈ کورس کے ہول نمبر تین پر کیا۔
واضح رہے کہ ’ ہول ان ون ‘میں گالفر کیلئے ایک ہی شاٹ میں گیند کو ہول میں پہنچانا ہرگز آسان نہیں، کسی بھی گالفر کیلئے ٹورنامنٹ جیتنا اہم ہوتا ہے لیکن ’ہول ان ون ‘ اس سے بھی اہم کارنامہ ہے کیوں کہ یہ کارنامہ ماہر ترین کھلاڑی بھی شاذ و نادر ہی انجام دے پاتے ہیں۔
سی این ایس گالف کے ایونٹ میں محمد قاسم نے دو کروڑ روپے مالیت کی گاڑی تو جیت لی، مگر اب اس کے لیے نئی مشکل بھی کھڑی ہوگئی ہے کیونکہ ایک تو پٹرول مہنگا اور پھر اس کو گاڑی بھی چلانا نہیں آتی۔
محمد قاسم نے اس کا حل یہ نکالا ہے کہ وہ گاڑی فروخت کرنے کا سوچ رہا ہے تاکہ اس سے ملنے والی رقم سے وہ اپنے بچوں کو پڑھا لکھا کر ملک کا تعلیم یافتہ شہری بنا سکے۔