غزہ میں بھوک سے اموات، پاپائے روم کا صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار

غزہ میں بھوک سے اموات، پاپائے روم کا صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار

(28 جولائی 2025): غزہ میں بھوک سے اموات پر کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے غزہ میں سنگین انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، وٹیکن سٹی میں عوامی اجتماع سے پوپ لیو نے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی بھوک کے ہاتھوں کچلے جارہے ہیں، مسلسل تشدد اور موت کا سامنا ہے، وہ ایک بار پھر جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور انسانی حقوق کے مکمل احترام کی اپیل کرتے ہیں۔

بھوک سے بے حال غزہ میں فاقے زندگیوں کو نگلنے لگے، بچے، بوڑھے، جوان، عورتیں، روٹی کے ایک ٹکڑے، دال کے ایک قطرے، چاول کے ایک دانے کو ترس گئے، لاکھوں بے بس شہریوں کے لیے کھانے پینے کا سامان نایاب ہوگیا۔

عالمی غذائی تحفظ کے ماہرین نے ابھی تک غزہ کی صورتحال کی قحط کے طور پر درجہ بندی نہیں کی لیکن اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ بڑے پیمانے پر انسان کی طرف سے پیدا کی ہوئی غذائی قلت کا خطرہ ہے۔

اقوام متحدہ نے اس کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے جو فلسطینی علاقوں میں داخل ہونے والے تمام سامان کو کنٹرول کرتا ہے لیکن اسرائیل نے اس سے انکار کیا ہے۔