بجلی کمپنیاں حکومت سے اپنی ہی مختص کردہ رقم وصول کرنے میں ناکام

بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

بجلی کمپنیاں وفاقی حکومت سے اپنی ہی مختص کردہ رقم وصول کرنے میں ناکام ہو گئیں۔

دستاویز کے مطابق ڈسکوز کا سبسڈی کی رقم کی عدم وصولی سے سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہوا، ڈسکوز نے ٹیرف ڈفرنشل سبسڈی،زرعی سبسڈی، صنعتی سبسڈی کی رقم وصول ہی نہیں کی۔

 کمپنیوں نے گزشتہ دو مالی سالوں کی 189 ارب روپے سے زائد کی رقم وصول ہی نہیں کی جب کہ حیسکو نے 17 ارب 58 کروڑ، آئیسکو نے 50 ارب 14 کروڑ روپے کی سسبڈی وصول نہیں کی۔

 لیسکو نے 22 ارب 81 کروڑاور کیسکو نے 88 ارب 57 کروڑ روپے وصول ہی نہیں کئے۔ سیپکو نے اپنے حصے کی 9 ارب 95 کروڑ روپے وصول ہی نہیں کئے۔

لیسکو نے جواب دیا ہے کہ 22 ارب 81 کروڑ روپے کی سبسڈی ایڈجسٹ کرلی ہے۔

سیپکو کا موقف ہے کہ سبسڈی کی رقم وصول کرنے کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔ کیسکو نے جواب دیا کہ رقم کی وصولی کے معاملے کو بلوچستان کے ہر فورم پراٹھا چکے ہیں۔

آئیسکو حکام کے مطابق مناسب وقت میں سبسڈی کی رقم وصول کرلیں گے۔ حیسکو کا کہنا ہے کہ واجبات کی وصولی کے لیے وزارت توانائی سے رابطے میں ہے۔