لاہور : پنجاب میں پاور شیئرنگ کے معاملے پر پیپلز پارٹی اورن لیگ کے درمیان اجلاس آج ہوگا، دونوں جماعتوں کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا گزشتہ اجلاس بے نتیجہ رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان پنجاب میں پاور شیئرنگ پر اجلاس آج ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کو آج اجلاس سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے، پاور شیئرنگ سے متعلق اجلاس آج شام سات بجے گورنر ہاؤس میں ہو گا۔
پیپلز پارٹی کے کمیٹی ارکان شرکت سے پہلے اپنا اجلاس کریں گے، پنجاب میں پاور شیئرنگ سے متعلق گزشتہ اجلاس کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کی نمائندگی گورنر پنجاب سلیم حیدر، راجا پرویز اشرف اور حسن مرتضیٰ کریں گے جبکہ پیپلز پارٹی کی کمیٹی میں ندیم افضل چن اور علی حیدر گیلانی بھی شامل ہوں گے۔
اسحاق ڈار، رانا ثنااللہ، ملک احمد خان اور مریم اورنگزیب ن لیگ کی نمائندگی کریں گے۔
یاد رہے دونوں جماعتوں کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا گزشتہ اجلاس بے نتیجہ رہا تھا، ذرائع پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ن لیگ پنجاب میں پاور شیئرنگ فارمولے پر عملدرآمد کیلئے سنجیدہ نہیں۔