بلدیاتی انتخابات میں اندرون سندھ پیپلز پارٹی کا پلڑا بھاری ہے اور اس نے قوم پرست جماعتوں کو ان کے گھر میں شکست سے دوچار کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں الیکشن کمیشن کی جانب سے موصولہ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی آگے ہے۔ اندرون سندھ کے بعض حلقوں میں سندھ کی حکمراں جماعت نے قوم پرست قائدین کے حلقوں میں فتح حاصل کی ہے۔
سندھ کے ایک قوم پرست جماعت قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کے گھر پرنس ٹاؤن ٹاؤن قاسم آباد کی یونین کونسل 150 سے پیپلز پارٹی کا امیدوار فاتح رہا ہے۔ پی پی کو اس حلقے سے 1053 ووٹ ملے جب کہ قومی عوامی تحریک کا پینل صرف 83 ووٹ ہی لے سکا۔
قاسم آباد ٹاؤن میں ہی سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی کی رہائشی یونین کونسل نمبر 147 سے پیپلز پارٹی نے بلا مقابلہ کامیابی حاصل کی۔ سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کے سربراہ کی قاسم آباد سے رہائشی یوسی 149 سے بھی پی پی نے میدان مارا۔
یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات، اندرون سندھ پی پی نے مخالفین پر جھاڑو پھیر دیا
حیدرآباد ضلع کے قاسم آباد ٹاؤن میں پیپلز پارٹی نے کلین سوئپ کیا اور وہاں کی 28 یونین کونسلز میں سے 17 پر سندھ کی حکمران جماعت بلا مقابلہ جب کہ 11 یوسیز الیکشن لڑ کر جیتیں۔