اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے فخر پاکستان ارشد ندیم کی وطن واپسی پر استقبال کیلیے پارٹی رہنماؤں کو اہم ہدایات جاری کر دیں۔
پیپلز پارٹی نے ارشد ندیم کے والہانہ استقبال کا فیصلہ کیا ہے۔ پی پی رہنما قومی ہیرو کے استقبال کیلیے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ جائیں گے۔
پیپلز پارٹی لاہور کی تنظیمیں، رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرز کو ہدایات جاری کی گئی ہی۔ پارٹی رہنما قومی اور پارٹی پر چموں کے ساتھ ایئرپورٹ پہنچیں گے۔
فخر پاکستان ارشد ندیم ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب براستہ استنبول لاہور پہنچیں گے۔ چیئرمین ساؤتھ ایشین ایتھلیٹکس محمد اکرم ساہی اور قومی ایتھلیٹ کے کوچ سلمان بٹ ہمراہ وطن پہنچیں گے۔
قومی ایتھلیٹ کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا جس کیلیے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے تیاریاں جاری ہیں۔ اسپورٹس بورڈ پنجاب بھی قومی ہیرو کے استقبال کیلیے تیاریوں میں مصروف ہے۔
گزشتہ روز محمد اکرم ساہی نے بتایا تھا کہ ارشد ندیم نے قوم کو بڑی خوشی دی ان کا استقبال بھی تاریخی ہوگا، ہم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا۔
ارشد ندیم کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی ایتھلیٹ کو پیرس اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی پر ہلال امتیاز سے نوازنے کی ہدایت دے دی۔
آصف علی زرداری ارشد ندیم کو کھیل کے میدان نمایاں خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ دیں گے۔
ان کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ دینے کیلیے کابینہ ڈویژن کو خط ارسال کر دیا جس میں لکھا گیا کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے کھیل کے میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
صدر مملکت نے لکھا کہ ارشد ندیم کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کیلئے فخر کا باعث بنی، انہوں نے ایتھلیٹکس کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا اس لیے ارشد کو سول ایوارڈ آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت دیا جائے گا۔