پیپلز پارٹی کا ‘تیر’ کی مماثلت والے انتخابی نشانات فہرست سے نکالنے کا مطالبہ

پیپلز پارٹی انتخابی نشانات

اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے تیر کی مماثلت والے انتخابی نشانات فہرست سے نکالنے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے 5 انتخابی نشانات پر اعتراض اٹھادیئے، اس سلسلے میں یپلز پارٹی کے مرکزی الیکشن مانیٹرنگ سیل کے انچارج تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط لکھا، جس میں 5انتخابی نشانات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے پینسل ،بال پوائنٹ ،پین،پیچ کس ،ٹوتھ برش پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ منظور کردہ کچھ نشانات پی پی پارلیمنٹیرینزکےنشان سے مشابہت رکھتےہیں،پانچوں نشان تیر سے مشابہت رکھتے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ مشابہت عام ووٹر کو کنفیوژ کرسکتی ہے، 2018 کے عام انتخابات میں جہانگیر ترین نےبیٹسمین نشان پر اعتراض اٹھایا تھا، جس کے بعد عدالت نے بیٹسمین کانشان اعتراض آنے پر روک دیا تھا۔

سینیٹر تاج حیدر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان الیکشن کمیشن انتخابی نشانات کی فہرست سے پنسل، بال پوائنٹ ، قلم، پیچ کس اور ٹوتھ برش کے نشانات نکال دے گا۔