پیپلز پارٹی نے عام انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد عام انتخابات کا شیڈول جاری کرے۔

رہنما پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے ہم ہر صورت میں انتخابات چاہتے ہیں، ’مجھے کیوں نکالا‘ کا سوال کرنے والے اب کہہ رہے ہیں ’مجھے کیوں بلایا‘۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ ایک دن بھی الیکشن آگے نہ جائیں، اس میں تاخیر کو کسی صورت  برداشت نہیں کریں گے، ماضی میں جو دہشتگردوں کو لے کر آئے ان سے سوال ہونا چاہیے، جو کہتے تھے یہ پُرامن ہیں ان کے دفاتر کھولے جائیں ان کو کٹہرے میں لانا چاہیے۔

متعلقہ: ’پیپلز پارٹی نے عام انتخابات کے لیے ہر حلقے سے امیدوار فائنل کر لیے‘

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جو  تاریخ دی ہے اسی تاریخ کو الیکشن ہونے چاہئیں، مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف الیکشن ملتوی کروانے کیلیے عدالتی کھیل کھیل رہی ہیں، یہ عوامی عدالت جانے سے ڈرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریکی میں آرڈیننس جاری ہو سکتے ہیں تو دن کی روشنی میں الیکشن بھی منعقد کروایا جا سکتا ہے، الیکشن  ملتوی کروانا کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ آصف علی زرداری 18 دسمبر کو تربت میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جبکہ بلاول بھٹو زرداری 18 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آج ٹانک پولیس لائنز میں دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا، پاکستانی عوام اپنی فورسز کے ساتھ ہیں۔