پیپلزپارٹی ملک دشمن جماعت ہے، خرم شیر زمان

خرم شیر

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ملک دشمن جماعت ہے، جو ملک کا پیسہ کھائے گا وہ ملک دشمن ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے پیپلزپارٹی سے متعلق کہا کہ ہر گزرتے سورج کے ساتھ اس جماعت کے تماشے دیکھنے کو ملتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ملک دشمن جماعت ہے، جو ملک کا پیسہ کھائے گا وہ ملک دشمن ہے، بینظیر کے نام پرغریبوں کو چونا لگایا گیا، پیپلزپارٹی نے پورے ملک میں ہزاروں غیر مستحق لوگوں کو کارڈز دیے۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ 18،17 گریڈ کے افسران نے اپنی بیگمات کو فائدہ پہنچایا، بینظیر کے نام پر لوٹ مار کرنے والوں کی نشاندہی کریں گے۔ انہوں نے پروگرام میں غیر مستحق افراد کی نشاندہی کرنے پر ثانیہ نشتر کا شکریہ ادا کیا۔

تحریک انصاف کے رہنما نے استدعا کی چیف جسٹس آف پاکستان نوٹس لیں، ملوث افسران کو نوکریوں سے نکالا جائے، غریب کا حق مارنے والوں سے پیسے واپس لیے جائیں۔

اعلیٰ سرکاری افسران کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے کا تہلکہ خیز انکشاف

یاد رہے کہ گزشتہ روز بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے غیرمستحق افراد سے متعلق تہلکہ خیز تفصیلات سامنے آئیں تھی، جس میں بتایا گیا فہرست سے نکالے جانے والوں میں اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں جبکہ صوبوں، وفاق کے افسران بھی بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سےفائدہ اٹھاتے رہے ہیں۔