پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں سیاسی جماعتوں کو ڈائیلاگ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام با خبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے جو موجودہ حالات ہیں ان کے تناظر میں سیاسی جماعتوں کو ڈائیلاگ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا چاہیے۔ الیکشن کیلیے حالات سازگار ہیں یا نہیں یہ الگ معاملہ ہے کیونکہ اگلے الیکشن میں سیاسی جماعتوں نے عوام کا سامنا کرنا ہے۔
فیصل کریم نے شاہد خاقان کے گزشتہ روز پارلیمنٹ سے دیے گئے بیان پر کہا کہ شاہد خاقان اچھے دوست ہیں لیکن میں ان کی نظریاتی باتوں سے اتفاق نہیں کرتا انہیں یہ بات پارلیمنٹ سے باہر کے بجائے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر کرنی چاہیے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن 60 دن میں ہوں یا 90 دن میں پیپلز پارٹی انتخابات کے لیے تیار ہے، جس پارٹی نے کام کیا ہے عوام اسی کو ووٹ دیں گے۔