پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کچے کے ڈاکوؤں کو لگام ڈالنے میں نا کام ہو چکی جیالے ایم این اے نے صوبے میں فوجی آپریشن کا مطالبہ کر دیا۔
سندھ بالخصوص کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا راج ہے اور صوبے میں مسلسل 16 سال سے حکومت کرنے والی پیپلز پارٹی انہیں لگام ڈالنے میں نا کام ہو چکی ہے۔ صورتحال اس حد تک ابتر ہو چکی ہے کہ خود جیالے ایم این اے نے ہی صوبے میں فوجی آپریشن کا مطالبہ کر دیا۔
رواں سال ہونے والے عام انتخابات میں سندھ کے ضلع مٹیاری سے منتخب رکن قومی اسمبلی مخدوم جمیل الزمان نے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آرمی چیف سے مدد مانگ لی ہے۔
گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب میں جمیل الزمان نے کہا کہ جنرل صاحب، آپ سندھ کے بھی آرمی چیف ہیں۔ بالائی سندھ میں لوگوں کا جان ومال محفوظ نہیں۔
انہوں نے کچے کے ڈاکوؤں کی سرکوبی میں اپنی جماعت پیپلز پارٹی کی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کچے میں امن قائم کرنا سندھ حکومت کے بس کی بات نہیں۔ سپہ سالار یہ معاملہ اب آپ اپنے ہاتھ میں لیں۔
مخدوم جمیل الزمان نے مزید کہا کہ سندھ سے ہندو برادری اپنا مال بیچ کر ہجرت کر کے جا رہے ہیں اور ان کو تحفظ دینے والے بادشاہ لوگ کراچی میں سوئے ہوئے ہیں۔ ہندو برادری کو ہجرت کرانے والے کل ہمیں بھی کہیں گے یہاں سے چلے جاؤ اور یہ ہم کبھی ہونے نہیں دیں گے۔