پیپلزپارٹی کا ن لیگ کی تشکیل کردہ کابینہ میں شامل ہونے سے انکار

پیپلزپارٹی

اسلام آباد: پیپلزپارٹی نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کے معاملے پر ایبسولوٹلی ناٹ کہہ دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ن لیگ کی تشکیل کردہ کابینہ میں کسی صورت شامل نہیں ہوگی، حالیہ الیکشن پر شدید تحفظات برقرار ہیں۔

پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم حکومت کا جانبدارانہ رویہ نہیں بھولی ہے، پیپلزپارٹی کو پنجاب میں سیاسی انتقام کے معاملے پر تحفظات تھے۔

ذرائع پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے حکومتی ناکامی کا ملبہ ہم پر ڈالنے کی کوشش کی، شہباز شریف کی ساری مہربانیاں جے یو آئی، دیگر اتحادیوں پر تھیں۔

پی پی حکام کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کو فنڈنگ، ترقیاتی اسکیموں میں نظر انداز کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ن لیگی رہنماؤں نے قائد نواز شریف کو وفاقی حکومت نہ لینے کا مشورہ دیا تھا۔

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے لیگی قیادت کو پیپلزپارٹی سے ہونے والی دو ملاقاتوں پر بریفنگ دی تھی جس کے بعد لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کو وفاقی حکومت نہ لینے کا مشورہ دیا تھا۔

ذرائع کا بتانا تھا کہ لیگی ارکان نے خدشات کا اظہار کیا کہ پیپلزپارٹی قدم قدم پر بلیک میل کرے گی۔

ن لیگی ارکان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سامنے بھی نہیں آنا چاہتی اور فوائد بھی لینا چاہتی ہے اگر پیپلزپارٹی مکمل شامل ہو تو حکومت لینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔