کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو سندھ کے بیروزگار نوجوان کبھی معاف نہیں کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و سابق صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال، بانی ایم کیو ایم کی ایما پر کراچی میں کارروائیاں کرتے تھے، گجرات میں مودی اور کراچی میں بانی ایم کیو ایم کے مظالم ایک جیسے ہیں، الطاف حسین کے مظالم کا دفاع کرنے والے بڑی ڈھٹائی سے جھوٹ بولتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں ملازمتیں میرٹ اور قانون کے مطابق دی جارہی تھیں، متعدد عدالتی فیصلوں کے مطابق ملازمتیں دینے کا شفاف طریقہ کار اپنایا، ایم کیو ایم نے ملازمتیں دینے کی ہر کوشش میں رکاوٹ پیدا کی۔
سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ کے بیروزگار نوجوانوں کی امیدوں کی قاتل ہے، ایم کیو ایم کو سندھ کے بیروزگار نوجوان کبھی معاف نہیں کریں گے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ سندھ حکومت نے 60 ہزار سے زائد اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے، اساتذہ بھرتی پر کہیں سے اعتراض نہیں اٹھا۔
انہوں نے کہا کہ نئی بھرتیوں کے لیے سکھر آئی بی اے سے تحریری ٹیسٹ کروائے گئے ہیں امید ہے عدالتیں ایم کیو ایم کی غریب دشمن مقدمہ بازی کو مسترد کریں گی۔