کراچی: 2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی آزاد امیدوار فیصل واوڈا کو ووٹ دیں گے۔
پیپلز پارٹی سے منسلک ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پارٹی کی جانب سے فیصل واوڈا کو سینیٹ ووٹ دینے کا یقین دلا دیا گیا، ارکان کے ووٹوں کے بعد فیصل واوڈا جنرل نشست پر آزاد سینیٹر منتخب ہوں گے۔
فیصل واوڈا کو ووٹ دینے پر پیپلز پارٹی کو سینیٹ میں ایک جنرل نشست کم ملنے کا امکان ہے۔
سندھ میں سینیٹ کی 12 نشستوں میں 10 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے کامیاب ہونے کے واضح امکانات ہیں جبکہ ایک نشست پر ایم کیو ایم پاکستان اور ایک پر آزاد امیدوار بھی کامیاب ہو سکتے ہیں۔
چند روز قبل ایم کیو ایم پاکستان نے بھی آزاد امیدوار فیصل واوڈا کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سینیٹ انتخابات کیلیے پارٹی ٹکٹ جمع کرانے اور دستبردار ہونے کے معاملے پر اس نے مختلف آپشنز پر غور کے بعد حتمی فیصلے کیے تھے۔
ایم کیو ایم کی ایڈہاک کمیٹی نے طویل مشاورت کے بعد سندھ کی جنرل نشست پر عامر چشتی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ تھا جبکہ فیصل واوڈا کو بطور آزاد امیدوار سپورٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان جنرل نشست پر ایک سیٹ با آسانی جیت سکتی ہے جبکہ فیصل واوڈا کی بطور آزاد امیدوار کامیابی کیلیے ایم کیو ایم کے ساتھ دیگر پارٹی کے ووٹ کی ضرورت بھی ہوگی۔