الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کا اہم اعلان

پیپلز پارٹی کا آئینی مسودہ منظر عام پر آگیا، آرٹیکل 184 ختم کرنے کی تجویز

کراچی: عام انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے 27 دسمبر 2023 سے باضابطہ الیکشن مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

پارٹی رہنماؤں کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے بتایا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27 دسمبر سے باقاعدہ الیکشن مہم کا آغاز ہوگا۔

شازیہ مری نے کہا کہ ہم جمہوری جماعت ہیں اور انتخابی عمل پر یقین رکھتے ہیں، انتخابات سے متعلق ابہام کی صورتحال رہی، پولنگ سے 54 دن پہلے الیکشن شیڈول کا آنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لیول پلیئنگ فیلڈ کا شکوہ ہے، الیکشن کیلیے کسی جماعت میں سنجیدگی نہیں دیکھ رہے، شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ: پیپلز پارٹی نے عام انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا

شرجیل میمن نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے بروقت الیکشن کا مطالبہ کیا جبکہ دیگر جماعتیں الیکشن سے بھاگتی ہوئی نظر آئیں، کچھ جماعتیں پٹیشن ڈال کر الیکشن کو روکتے ہوئے نظر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتی، کچھ جماعتوں کے طرز عمل سے لگ رہا تھا وہ الیکشن لڑنا نہیں چاہتیں، کچھ جماعتیں پیپلز پارٹی کے کارنامے اپنے حصے میں ڈال کر مہم چلا رہی ہیں، کچھ جماعتیں دعویٰ کرتی ہیں کہ ایٹم بم انہوں نے بنایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا نفرت اور انتقام کی سیاست ختم ہونی چاہیے، عوام کو اس وقت جوڑنے اور متحد کرنے کی ضرورت ہے، اس وقت مسئلہ انتقام نہیں مہنگائی کے طوفان سے ریلیف دینے کا ہے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں عظیم الشان جلسہ ہوگا۔

ادھر، شیری رحمان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی قربانیوں کی وجہ سے جمہوریت قائم ہے، جنہوں نے قربانیاں نہیں دیں وہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی الیکشن کا مطالبہ نہیں کر رہا تھا۔

شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد کی وجہ سے ہی آج جمہوریت ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق پیپلز پارٹی کا بیانیہ عوام کے سامنے ہے، لیول فیلڈ ہو نہ ہو پیپلز پارٹی الیکشن کے میدان سے نہیں بھاگے گی۔