بھارت کی ریاست اتر پردیش میں پولیس نے حاملہ لڑکی کی لاش کے ٹکڑوں سے بھرے ہوئے دو بیگ سڑک سے برآمد کر لیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھنورا بائی پاس روڈ پر شہریوں نے لاش کے ٹکڑوں سے بھرے ہوئے بیگ ملنے پر پولیس کو اطلاع دی۔ کھیتا پور علاقے میں سنسنی خیز واقعے کی اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئے۔
شہریوں نے سڑک کنارے پڑے دونوں بیگ کھول کر دیکھے تو ان میں انسانی جسم کے ٹکڑے موجود تھے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں بیگ کو قبضے میں لیا اور انہیں اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق ایک بیگ میں سر سے کمر تک کے ٹکڑے تھے جبکہ دوسرے میں لڑکی کے کٹے ہوئے ہاتھ پیر تھے۔
سرکل آفیسر انجلی کٹاریہ کے مطابق ہم اب تک لاش کی شناخت نہیں کر سکے، اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں اور علاقے سے لاپتا افراد کی فہرست بھی دیکھی جا رہی ہے۔
ان کے مطابق مقتولہ کی عمر 23 سے 24 کے درمیان ہے اور وہ حاملہ بھی تھیں، ہم نے اس سلسلے میں مقدمہ بھی درج کیا ہے۔