ایمبولینس نہ ملنے پر اہل خانہ حاملہ خاتون کو ریڑھی پر اسپتال لے آئے

ایمبولینس نہ ملنے پر اہل خانہ حاملہ خاتون کو ریڑھی پر اسپتال لے آئے

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے علاقے فرخ آباد میں ایمبولینس دستیاب نہ ہونے کے باعث اہل خانہ حاملہ خاتون کو ریڑھی پر اسپتال لے کر پہنچ گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری اسپتال میں سہولیات کی کمی نے درد سے تڑپتی حاملہ خاتون کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا جس پر سوشل میڈیا صارفین اپنے غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

صارفین سوال کر رہے ہیں کہ سرکاری اسپتال میں ایمبولینس اور اسٹریچر کی کمی کیوں ہے؟ اسپتال کے اندر بھی انتظامیہ یا عملے کا کوئی فرد نظر نہیں آیا۔

اسپتال انتظامیہ نے وائرل ویڈیو پر اب تک کوئی ردعمل نہیں دیا تاہم سی ایم او نے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے گی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حاملہ خاتون کا اسپتال میں علاج شروع کر دیا گیا اور ان کی حالت تسلی بخش ہے۔

گزشتہ روز ریاست کیرالہ میں 37 سالہ خاتون نے مسافر بس میں بچی کو جنم دیا تھا۔ سرینا شوہر کے ساتھ بس میں تھریسور سے کوزی کوڈ جا رہی تھیں کہ انہیں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ خاتون کی حالت دیکھ کر ڈرائیور بس کو امالا اسپتال لے گیا۔

ڈاکٹر اور نرسوں کو لگا کہ وہ خاتون کو اسپتال منتقل کرنے سے قاصر ہوں گے کیونکہ وہ لیبر کے ابتدائی مرحلے میں تھیں تو انہوں نے بس کے اندر ہی ڈلیوری کرنے کا فیصلہ کیا۔