کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے بڑے آپریشن کی تیاریاں کی جا رہی ہیں اور اس کے لیے پولیس لائن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی پی او رحیم یار خان رضوان گوندل نے صادق آباد پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے کچے کے علاقے میں بڑے آپریشن کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جس کے لیے پولیس لائن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈی پی او رضوان گوندل نے بتایا کہ کچے کے علاقے میں 2 ایکڑ رقطے پر منی پولیس لائن بنائی جائے گی۔ اس سے قبل پولیس فورس کو کچے کے علاقے تک پہنچنے میں وقت لگتا تھا لیکن پولیس لائن کے قیام کے بعد پولیس کچے میں فوری ریسپانس کر سکے گی۔
ڈی پی او نے بتایا کہ ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کسی بھی وقت شروع کیا جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے 11 بلٹ پروف گاڑیاں بھی کچے میں پٹرولنگ کیلیے فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دو ماہ کے دوران 9 خطرناک ڈاکو منطقی انجام کو پہنچے ہیں جب کہ ملک بھر سے 532 شہریوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا ہونے سے بچایا گیا۔
ڈی پی او نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ سستے جانوروں، سستی گاڑیوں کے لالچ میں ڈاکوؤں کے جھانسے میں نہ آئیں۔