کراچی : پی آئی اے کے برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کی تیاری تیز کردی گئی اور تین ایئرپورٹس پر پروازوں کے آغاز سے قبل انتظامات شروع کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے تین ایئرپورٹس پر پروازوں کے آغاز سے قبل انتظامات شروع کردیئے۔
قومی ایئرلائن نے لندن ، مانچسٹر اور برمنگھم ایئرپورٹس پر مسافروں کے لیے کھانے کا بندوست کرنے کے انتظامات شروع کئے۔
اس سلسلے میں لندن ، مانچسٹر اور برمنگھم ایئرپورٹس مسافروں کے کھانوں کے لیے کیٹرنگ سروس کے لیے ٹینڈر جاری کردیا ہے۔
مزید پڑھیں : آئندہ ماہ اگست سے برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان
قومی ایئرلائن نے بتایا کہ لندن ہیتھرو ایئرپورٹ پر ہفتہ وار 7500 مسافروں ، مانچسٹرایئرپورٹ پر ہفتہ وار 6500 اور برمنگھم ایرپورٹ پر 2200 مسافروں کوکھانا فراہم کرنا ہوگا۔
لندن ایئرپورٹ کے لیے ٹینڈر درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 اگست مقرر, برمنگھم ایئرپورٹ پر آخری تاریخ 28 اگست اور مانچسٹر اسٹیشن پر کھانا فراہمی کے ٹینڈر کی درخواست 29 اگست ہے۔
پی آئی اے مسافروں کو برطانیہ میں کھانے کے لیے کیٹرنگ سروس کے لئے ٹینڈر برطانیہ میں اسٹیشن منیجر کے دفتر میں جمع کرانا ہوگا۔
قومی ایئرلائن نے برطانیہ مین پابندی ختم ہونے پر فوری طور قومی ایئرلائن کے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، ابتدائی طور پر مانچسٹر کے لیے اسلام آباد سے ہفتہ وار چار پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔