ایل پی جی درآمد پر ٹیکس لگانے کی تیاریاں، ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کی حکومت کو ہڑتال کی دھمکی

ایل پی جی درآمد

اسلام آباد: بجٹ میں ایل پی جی امپورٹ ڈیوٹی بڑھانے کا فیصلہ کرلیا گیا ،جس پر ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرایسوسی ایشن نے ہڑتال کی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بجٹ میں ایل پی جی درآمد پر ٹیکس لگانے کی تیاریاں جاری ہے۔

اس سلسلے میں اسٹیک ہولڈرز نے وزیراعظم شہبازشریف کو خط لکھ دیا، جس میں فیصلہ پرنظرثانی کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں ایل پی جی امپورٹ ڈیوٹی بڑھانےکا فیصلہ عوام کےساتھ ظلم ہے۔

چئیرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ اگر ٹیکس لگ گیا تو فی سلنڈرقیمت 164 روپے تک بڑھ جائے گی۔

عرفان کھوکھر نے فیصلہ کےخلاف عیدالاضحی سےقبل ہڑتال کرنےکی دھمکی دے دی اور کہا اٹھارہ فیصد ٹیکس کو بڑھانا امپورٹراورخریداردونوں کیلئے نقصان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تین سو ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں درآمدی ایل پی جی پرانحصار کرتی ہیں، ملکی کھپت کو پورا کرنے کیلئے 60سے 70فیصد ایل پی جی درآمد کی جاتی ہے۔