برطانیہ کے نئے بادشاہ کی تاجپوشی کیلیے تیاریاں، تصاویر

برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوم کی ہفتہ 6 مئی کو لندن میں ایک پروقار تقریب میں تاجپوشی کی جائے گی اس حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ کے گزشتہ سال انتقال کے بعد ان کے بڑے صاحبزادے شہزادہ چارلس نے بادشاہ کا تخت سنبھالا اور اب ان کی باقاعدہ تاجپوشی ہفتہ 6 مئی کو لندن کے ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگی جس میں مختلف ممالک کے سربراہان مملکت سمیت عالمی شخصیات اور شاہی خاندان شرکت کرے گا۔

ملک بھر سے سیاح اس تاریخی تقریب کے لیے لندن پہنچنا بھی شروع ہو گئے ہیں جب کہ مقامی افراد بھی اس حوالے سے پرجوش ہیں اس سلسلے میں لندن میں اس وقت میلے کا سا سماں ہے۔

شاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب کو شایان شان بنانے کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ اس حوالے سے کیا تیاریاں کی گئی ہیں اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

تاج پوشی کے لیے تاریخی شاہی اسٹون آف ڈیسٹنی کو اسکاٹ لینڈ سے لندن منتقل کر دیا گیا۔ یہ پتھر برطانوی بادشاہت کے لیے مقدس سمجھا جاتا ہے اور یہ نویں صدی سے برطانوی اور اسکاٹش بادشاہوں کی تاج پوشی کے لیے استعمال ہوتا آیا ہے۔

شاہ چارلس کی تاجپوشی تقریب کے لیے مخصوص کرسی کی تزئین و آرائش جاری ہے۔ یہ کرسی 700 سال قدیم ہے اور ایک تاریخ رکھتی ہے۔

تاریخی سینٹ ایڈورڈ کی کرسی پہلی مرتبہ 1308 میں کنگ ایڈورڈ دوم کی تاجپوشی کے موقع پر استعمال ہوئی تھی۔ بکنگھم پیلس نے ایک بیان میں کہا کہ بادشاہ اور ان کی اہلیہ کمیلا تقریب کے مختلف مراحل میں دیگر تاریخی کرسیوں پر بھی بیٹھیں گے۔

برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز کے اسپیکر لنڈسے ہوئل 17 ویں صدی کے اسٹیٹ کوچ (شاہی بگھی) کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ اسپیکرز علامتی تقریبات کے لیے یہ کوچ استعمال کرتے تھے۔

بکنگھم پیلس کے تھرون روم میں بادشاہ کا لباس رکھا گیا ہے جو شاہ چارلس سوم اپنی تاجپوشی کے موقع پر زیب تن کریں گے۔

شاہ چارلس کی تاجپوشی کے موقع پر اون سے تاج بنایا گیا ہے جس میں جواہرات جڑے ہوئے ہیں اور اس کو ایک پوسٹ آفس باکس پر رکھا گیا ہے۔

تقریب تاجپوشی کے حوالے سے ریجنٹ اسٹریٹ پر برطانوی پرچم لگا دیے گئے ہیں۔

برطانیہ بھر میں شاہ چارلس کی تاجپوشی کے حوالے سے جوش وخروش پایا جاتا ہے اس حوالے سے لندن میں میلے کا سا سماں ہے۔ تاج پوشی کے لیے بازار میں یادگاری اشیا بھی دستیاب ہیں۔

ایک ریستوران میں شاہ چارلس سوم کی تصویر آویزاں کی گئی ہے۔

جب بھی برطانیہ کے شاہی خاندان میں کوئی تقریب ہوتی ہے تو شاہی خاندان کے چاہنے والے بکنگھم پیلس کے اردگرد جمع ہو جاتے ہیں۔ ایسے مناظر اس بار بھی نظر آ رہے ہیں۔

شاہ چارلس کی تاج پوشی سے پہلے ہی لندن میں سیاحوں اور شاہی خاندان کے چاہنے والوں کی آمد شروع ہو گئی ہے۔