مردم شماری میں چوتھی بار توسیع کی تیاری مکمل

ملک میں جاری ڈیجیٹل مردم شماری کی تاریخ میں تین بار توسیع کے باوجود مردم شماری کا عمل مکمل نہیں ہوسکا ہے اور اس کی تاریخ میں چوتھی بار توسیع کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کو ترجمان ادارہ شماریات نے بتایا کہ عیدالفطر کے باعث مردم شماری کا عمل 5 روز کیلئے روک دیا ہے۔ سرکاری تعطیلات کی وجہ سے 21 سے 25 اپریل تک مردم شماری نہیں ہوگی۔

ترجمان ادارہ شماریات کے مطابق مردم شماری کی تاریخ میں مزید کتنے دن کی توسیع ہوگی اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے

توسیع کی منظوری مردم شماری مانیٹرنگ کمیٹی سے لی جائے گی۔

واضح رہے کہ مردم شماری کا 4 اپریل تک مکمل کیا جانا تھا تاہم اس میں پہلی بار 10 اپریل پھر 15 اور تیسری مرتبہ 20 اپریل تک توسیع کی گئی تھی۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی مردم شماری کا سلسلہ جاری ہے۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ چند باقی رہ جانے والے بلاک میں مردم شماری ہو رہی ہے۔ یہ وہ بلاک ہیں جہاں گھروں میں لوگ موجود نہیں تھے۔

مردم شماری عملے کے مطابق بعض علاقوں میں شہریوں کی جانب سے تعاون نہیں کیا گیا۔