صدر مملکت نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کی تردید کر دی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر واضح تردیدی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط نہیں کیے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر گزشتہ روز آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کیے جانے کی واضح الفاظ میں تردید کر دی ہے۔

صدر علوی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ خدا گواہ ہے میں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط نہیں کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ان قوانین سےمتفق نہیں تھا، عملے سے کہا بغیر دستخط بلوں کو مقررہ وقت پر واپس کر دیں میں نے اپنے عملے سے کئی بار پوچھا کہ بل واپس کر دیے ہیں، عملے نے یقین دہانی کرائی کہ بل واپس کر دیے لیکن مجھے آج پتہ چلا کہ میرے عملے نے میری مرضی اور حکم کو مجروح کیا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ اللہ سب جانتا ہے اور یقین ہے کہ وہ مجھے معاف کر دے گا، ان لوگوں سے معافی مانگتا ہوں جو اس سے متاثر ہوں گے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز خبر آئی تھی کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل 2023 پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد دونوں بل قانون کی شکل اختیار کر گئے۔