صدر مملکت نے آرمی سروسز ایکٹ ترمیم کی توثیق کردی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی توثیق کردی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور ہونے کے بعد آرمی ایکٹ کا ترمیمی بل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کیا گیا۔

صدر مملکت نے تینوں مسلح افواج (آرمی، نیوی، ایئرفورس) کے ایکٹ میں کی جانے والی ترامیم کی توثیق کردی، صدر مملکت کے دستخط کے بعد تینوں ترامیم قانون کی صورت اختیار کرگئیں۔

یاد رہے کہ یکم جنوری کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آرمی ایکٹ ترمیم کی منظوری دی گئی تھی، ترمیمی مسودے میں آرمی چیف کی مدت ملازمت اور توسیع کا طریقہ کار بھی وضع کیا گیا۔

بعد ازاں اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کر کے حکومت نے اس ترمیمی بل کو قومی اسمبلی میں 7 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں پیش کیا جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، اگلے روز آرمی ایکٹ ترمیم سینیٹ سے بھی منظور ہوئی۔

واضح رہے سپریم کورٹ نے مختصر فیصلہ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں 6ماہ کی توسیع کرتے ہوئے حکومت کا نوٹیفکیشن مشروط طور پر منظور کرلیا اور کہا آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ فیصلے میں سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق قانون سازی کے لئے حکومت کو پارلیمنٹ کا پابند کر تے ہوئے کہا تھا ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے 6 ماہ میں آرٹیکل 243 کی وسعت کا تعین کیا جائے۔