صدر آصف زرداری کی کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کے گھر آمد

اسلام آباد: صدر پاکستان آصف علی زرداری جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید کے گھر پہنچ گئے۔

صدر نے شہید کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کے والد سے ملاقات کی اور اظہارِ افسوس کیا، صدر آصف زرداری کی طرف سے شہید کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا، کیپٹن محمد اسامہ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں سے لڑتے شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے تھے۔

آصف زرداری نے شہید محمد اسامہ بن ارشد کی بہادری، وطن کیلئے خدمات کو بھی سراہا، صدر مملکت نے وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز سے جھڑپ میں دو دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ شر پسندوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے 24 سالہ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہید ہوگئے تھے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو شر پسند ہلاک ہوئے تھے۔

جھڑپ کے دوران پاک فوج کے 24 سالہ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، وہ آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور ان کے اہل خانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کی تھی۔