اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے فون کر کے شہدا کے لواحقین سے وطن کے بیٹوں کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کی تعریف کی ہے اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہدا کے لواحقین سے صدر مملکت کی جانب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا گیا ہے اور جام شہادت نوش کرنے والوں کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا گیا ہے۔ انھوں نے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہدا اور ان کے خاندانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے شہید سپاہیوں عنایت اللہ اور حسنین اشتیاق کے ورثا سے فون پر گفتگو کی۔ عارف علوی نے شہدا کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور ورثا سے اظہارِ ہمدردی کیا۔ ایوان صدر کے مطابق شہید لانس نائیک معراج الدین کے والد سے فون پر بات چیت کرنے کے علاوہ انھوں نے شہید نائیک ظہیر عباس کے والد سے بھی اظہارِ تعزیت کیا۔
صدر نے شہید حوالدار محمد انور اور نائب صوبیدار غلام مرتضیٰ کے ورثا سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ 5 جون کو جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے لانس نائیک صابر کے لواحقین سے بھی صدر مملکت کی طرف سے رابطہ کیا گیا۔ عارف علوی نے تمام شہدا کی وطن کے لیے خدمات اور فرائض سے حد درجہ لگن کو سراہا۔