وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے متنازعہ انتخابات پر ملک میں ہنگامہ آرائی کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر 10 دن کی پابندی کا حکم دے دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ پابندی کا فیصلہ ایلون مسک کے ساتھ نکولس مادورو کی لفظی جنگ کے بعد ہوا ہے۔ ایلون مسک نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا جب کہ وینزویلا کے صدر نے ایلون مسک پر ملک میں خانہ جنگی کو ہوا دینے کا الزام لگایا ہے۔
ایکس کے مالک ایلون مسک پر "نفرت اور فسطائیت کو بھڑکانے” کا الزام لگاتے ہوئے مادورو نے کہا کہ انہوں نے ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹر کونٹیل کی طرف سے پیش کردہ ایک قرارداد پر دستخط کیے جس نے "سوشل نیٹ ورک ایکس پر 10 دن کی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت کے حامی گروپوں کے مارچ کے بعد ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریر میں صدر نے کہا کہ ایلون مسک ایکس کا مالک ہے اور اس نے خود سوشل نیٹ ورک کے تمام قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
الیکشن حکام نے مادورو کو 28 جولائی کے انتخابات میں 51.2 فیصد ووٹوں کے ساتھ فاتح قرار دیا لیکن ابھی تک تفصیلی نتائج جاری نہیں ہوئے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن کے امیدوار ایڈمنڈو گونزالیز اروٹیا، جو رائے عامہ کے جائزوں میں آگے رہے تھے کو 44.2 فیصد ووٹ ملے ہیں۔