صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر وسابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے مظفر آباد میں میڈیا سے گفتگو کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز دیکھی ہے، لگتا ہے کہ ادارے کا پیمانہ بھی لبریز ہو چکا ہے۔
سردار تنویر نے کہا کہ ایک سال سےعمران خان اور پی ٹی آئی رہنما ادارے کیخلاف بیانات دے رہے ہیں اور ادارے سے متعلق لوگوں کے ذہنوں میں خدشات پیدا کیے جا رہے ہیں۔ عوام اور فوج کے درمیان ایک خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ قوم مسلح افواج پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اس کے ساتھ اعتماد کا رشتہ ہے۔ مسلح افواج ملک وقوم کی سیکیورٹی کی ضامن ہے، ایسے بیانات دے کر پاکستان کی جڑوں پر وار کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ ایسے عناصر کی سرکوبی کے ساتھ ان کی مذمت کی جائے۔ عوام وفوج میں رشتے کو کمزور کرنے والے عناصر کیخلاف کردار ادا کرنا ہوگا اور محب وطن لوگوں کو آگے آکر ایسے عناصر کی سرکوبی کرنا ہوگی۔