صدر نے کرسچن میرج ترمیمی ایکٹ 2024 پر دستخط کر دیے

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرسچن میرج ترمیمی ایکٹ 2024 کے بل پر دستخط کر دیے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایوان صدر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کرسچن میرج ترمیمی ایکٹ 2024 پر دسخت کر دیے۔ اس موقع پر کرسچن کمیونٹی کے عمائدین بھی موجود تھے۔

اس ایکٹ کی منظوری کے بعد اب مسیحی برادری کے مرد وخواتین کے لیے شادی کی کم سے کم عمر 18 سال کر دی گئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اقلیتوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، آپ بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے کہ ہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو جن مسائل کا سامنا ہے، ان کی وجوہات سیاسی ہیں۔ کچھ مسائل ہیں، جنہیں حل کر لیا جائیگا۔ حکومت کو لکھوں گا کہ اقلیتی برادری کے لیے ہر ادارے میں کوٹہ ہونا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ شرپسندی اور فرقہ واریت کی معاشرے میں کوئی جگہ نہیں۔ ہم نے بھی ہزاروں شہدا کی قربانی دی ہے۔ اس صورتحال کا سامنا سب مل کر کریں گے۔

واضح رہے کہ اس میرج ترمیمی ایکٹ سے قبل مسیحی برادری کے مَردوں کیلیے کم سے کم شادی کی عمر 16 سال جب کہ خواتین کے لیے 13 سال مقرر تھی۔