ملک گیر شجر کاری مہم کا آج سے آغاز، 4 کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں‌ گے

اسلام آباد (18 اگست 2025): ملک گیر شجر کاری مہم کا آج سے آغاز ہو رہا ہے اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنا پیغام جاری کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق شجر کاری مہم پاکستان کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔ آج ہم ملک گیر شجر کاری مہم کا آغاز ایسے وقت کر رہے ہیں جب پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے شدید خطرات لاحق ہیں۔ رواں برس اگست سے اکتوبر تک پاکستان بھر میں 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔

صدر مملکت نے سرسبز، صاف اور خوشحال پاکستان کے لیے شہریوں کو پودے لگانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا ہر شہری کا قومی فریضہ ہے اور ہر لگایا گیا درخت آفات کے خلاف ڈھال اور آئندہ نسلوں کے لیے زندگی کا ذریعہ ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ درخت ماحول کیلیے زندگی کی علامت اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف سب سے مضبوط ڈھال ہیں۔ جنگلات کی کٹائی، درجہ حرارت میں اضافہ اور بار بار آنے والے سیلاب لاکھوں زندگیاں متاثر کر رہے ہیں۔ حالیہ سیلاب اور بارشوں نے ملک کے مختلف حصوں میں تباہی مچائی۔ ہمیں فیصلہ کن انداز میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام اہل وطن شجرکاری مہم کے نیک مقاصد میں اپنا حصہ ڈالیں اور نوجوان تبدیلی کے سفیر بن کر اس مہم کی قیادت کریں۔ ہمیں گرین پاکستان پروگرام کو کامیاب بنانا ہے۔ اس کے لیے میڈیا، سول سوسائٹی، کمیونٹی رہنما اور علما شہریوں کو اس قومی فریضہ کی حمایت کے لیے متحرک کریں۔