آصف زرداری ایوان صدر چھوڑیں گے تو وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھیں گے: ناصر شاہ

آصف زرداری ایوان صدر چھوڑیں گے تو وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھیں گے: ناصر شاہ

کراچی: وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صدر زرداری ایوان صدر چھوڑیں گے تو وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد اے آر وائی نیوز سےگفتگو کی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ صدر زرداری کہیں نہیں جارہے۔

ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کہیں نہیں جارہے اگر وہ ایوان صدر چھوڑیں گے تو وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھیں گے اور وزیراعظم پیپلزپارٹی کا ہوگا۔

وزیرتوانائی سندھ کا کہنا تھا حکومت کی دو تہائی اکثریت ہوگئی تو پہلے شوشہ چھوڑا گیا حکومت کی مدت دس سال کی جا رہی ہے، وہ بات ذہنوں میں نہ بیٹھی تو کہا گیا صدرزرداری کو تبدیل کیا جا رہا ہے، یہ بھی ناممکن ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دنوں سے آصف زرداری کو ایوان صدر سے نکالے جانیکی افواہیں زیر گردش ہیں تاہم حکومت اور اتحادیوں کی جانب سے مشترکہ طور پر ان افواہوں کی تردید کی گئی ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے واضح الفاظ میں افواہوں کو مسترد کر دیا ہے، وزیراعظم نے ان قیاس آرائیوں کو ’محض افواہیں‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی صداقت نہیں۔

اس کے علاوہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اس حوالے سے جاری بیان میں ان افواہوں کو ’شرانگیز مہم‘ قرار دیا اور کہا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ اس مہم کے پیچھے کون عناصر ہیں۔

محسن نقوی نے کہا تھا کہ نہ ایسی کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے کہ صدر کو مستعفی ہونے کا کہا جائے یا آرمی چیف صدر بننے کا ارادہ رکھتے ہوں۔