’ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کچے کے جرائم پیشہ افراد کو قومی دھارے میں لایا جائے‘

صدر زرداری

سکھر: صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کچے کے جرائم پیشہ افراد کو قومی دھارے میں لایا جائے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر زرداری کی زیر صدارت سندھ میں سیکیورٹی، امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں صدر کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، صدر نے یکم مئی کے اجلاس کے دوران ہدایات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ گھناؤنے جرائم میں ملوث مجرموں کے خلاف کارروائی کی جائے، چھوٹے جرائم میں ملوث افراد کی بحالی کرکے انہیں ملک کا ذمہ دار شہری بنانا چاہیے۔

صدر زرداری نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں سڑکیں، صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے، قبائلی سرداروں پر مشتمل ایک قومی جرگہ بلایا جائے، جرگہ امن کے فروغ، سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مقامی آبادی سے مذاکرات کرے گا، قومی جرگہ جرائم کی روک تھام، علاقے کو ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کو جدید آلات، ہتھیار، لاجسٹکس فراہم کرکے استعداد کار بڑھائی جائے، سندھ پولیس کے شہدا کے خاندانوں اور بچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ ڈاکوؤں کی سرگرمیوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، گزشتہ دو ماہ کے دوران شاہراہوں سے متعلق کوئی جرم رپورٹ نہیں ہوا، ٹارگٹڈ آپریشنز اور اسمارٹ کیمروں کی تنصیب سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔

ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس اور رینجرز کی جانب سے 133 مشترکہ آپریشنز کیے گئے جس کے نتیجے میں سیکڑوں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جرائم پر قابو پانے کے لیے کچے کے علاقوں میں اضافی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔