اکثر لوگ کھانا پکاتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کرتے اور بے دھیانی میں ایسے کام کرجاتے ہیں کہ جس سے ان کی اپنی زندگی ہی داؤ پر لگ جاتی ہے۔
خاص طور پر وہ لوگ جو پردیس میں زندگی گزارتے ہیں انہیں اپنے کھانے پینے کا انتظام خود ہی کرنا پڑتا ہے اور اسی دوران وہ غفلت کا مظاہرہ کرجاتے ہیں۔
کھانا پکاتے وقت ہر ایک کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ ہمیشہ کچن میں موجود گیس سلنڈر کو چیک کریں کہ آیا اسے کھلا تو نہیں چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ یہ بھی ذہن میں رکھنا چاہیے کہ آیا آپ کا پریشر کوکر ٹھیک سے کام کر رہا ہے یا نہیں۔
سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک لڑکے کے چہرے پر پریشر کوکر پھٹتا ہوا دکھایا گیا ہے۔ وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کمرے کے کونے میں ہی ایک باورچی خانہ بنایا گیا ہے۔
چولہے پر ایک برتن اور پریشر کوکر رکھا ہوا ہے، پھر ایک لڑکا برتن میں پکنے والے چاول دیکھنے کیلئے چولہے کے قریب جیسے ہی جاتا ہے تو اچانک اس کے چہرے پر پریشر کوکر پھٹ جاتا ہے۔ منظر دیکھ کر آپ بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کوکر کتنی تیزی سے پھٹتا ہے اور وہاں رکھے تمام برتن ہوا میں اڑ جاتے ہیں اور سارا سامان ادھر ادھر بکھر جاتا ہے۔
تاہم خوش قسمتی سے لڑکا زخمی ہونے سے بال بال بچ جاتا ہے اور کمرے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوجاتا ہے، لیکن ایسا ضروری نہیں کہ ہر بار ہو کیونکہ ایسے واقعات میں جان جانے کا خطرہ نہ بھی ہو تو جھلسنے کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
ویڈیو کو انسٹاگرام پر شیئر کیا گیا ہے جسے اب تک 2 لاکھ سے زیادہ لائکس مل چکے ہیں، اور صارفین اس پر تبصرے بھی کر رہے ہیں، آپ اس ویڈیو کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟ کمنٹ کر کے بتائیں۔