بجلی کی قیمت : نگران وزیر توانائی نے بری خبر سنادی

بجلی بلوں

اسلام آباد : نگران وزیر توانائی محمد علی نے بجلی کی قیمت کے حوالے سے صارفین کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ان کا کہنا ہے کہ ڈالر ریٹ میں کمی آنے تک بجلی کی قیمت میں کمی کرنا مشکل ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر توانائی نے بتایا کہ 60فیصد بلنگ ریکوری نہیں ہوتی، جس پر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے، اسٹیل ملز بند نہیں کرسکتے، اس سے لاکھوں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے تاہم آہستہ آہستہ چیزوں کو ٹھیک کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں نگران وزیر توانائی محمد علی کا کہنا تھا کہ سال2020سے قبل فرنس آئل سے فائدہ نہیں ہورہا تھا لیکن آج ہورہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانچ ڈسکوز میں جہاں بجلی چوری ہوتی ہے کارروائی کی جائے گی، ہم آئی پی پیز کی حمایت نہیں کررہے۔

بجلی کے بلوں میں ریلیف کا پلان مسترد

واضح رہے کہ نگران حکومت کی جانب سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بجلی کے بلوں کے حوالے سے دیا گیا ریلیف پلان مسترد کردیا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پلان میں بتایا گیا تھا کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف سے ساڑھے 6 ارب روپے سے کم کا اثر پڑے گا، آئی ایم ایف نے پلان مسترد کرتے ہوئے 15 ارب روپے سے زائد کا اثر بتایا۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے 15 ارب کی مالیاتی گنجائش پوری کرنے کا پلان بھی مانگ لیا ہے۔